اشتر (اونٹ) - حضرت دانیال
Topic: اشتر (اونٹ)
حضرت دانیال علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اونٹ مست غضب ناک پر بیٹھا ہے تو دلیل ہے کہ اس پر کوئی بڑا آدمی قبضہ کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اونٹ کے ساتھ جنگ اور لڑائی کرتا ہے تو دلیل ہے کہ کسی مرد عجمی کے ساتھ دشمنی ہو گی اور اس کے ساتھ جھگڑا ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ اونٹوں کے گلے کو چراتا ہے اور جانتا ہے کہ اس کے اپنے ہیں۔ تو دلیل ہے کہ اس کو ملک ملے گا اور وہ اہل ملک پر حکومت کرے گا۔ اور اگر خواب میں دیکھے کہ اونٹنی کا دودھ دوہتا ہے تو دلیل ہے کہ بادشاہ سے اسی قدر مال و دولت پائے گا اور اگر دیکھے کہ دودھ کی بجائے اونٹنی کے پستانوں سے خون نکلا ہے تو دلیل ہے کہ اس کو حرام مال ملے گا۔ اور اگر خواب میں دیکھے کہ کسی نے اس کو اونٹنی بخشی ہے یا اس نے خود خریدی ہے تو دلیل ہے کہ عورت کرے گا۔ یا کنیز خریدے گا۔ اور اگر خواب میں دیکھے کہ اس کی اونٹنی بھاگ گئی ہے یا چوری ہو گئی ہے تو دلیل ہے کہ عورت سے جدا ہو گا یا ان کے درمیان جھگڑا پڑے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کی اونٹنی مرگئی ہے کہ تو دلیل ہے کہ اس کی عورت مرے گی۔ اور اگر دیکھے کہ اونٹنی کو بچہ ہوا ہے تو دلیل ہے کہ اس کے فرزند ہو گا اور مال بڑھے گا اور اگر خواب میں اونٹنی کو دیکھے تو دلیل ہے کہ اس کی مراد پوری ہو گی اور اگر خواب میں دیکھے کہ اونٹ کا گوشت کھاتا ہے تو دلیل ہے کہ بیمار ہو گا۔