آتش (آگ) - حضرت ابن سیرین
Topic: آتش (آگ)
حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں آگ کا روشن کرنا بادشاہ کو قوت ہے اور بغیر دھوئیں کے آگ اور زیادہ قوت ہے اور دھوئیں والی آگ بادشاہ کے ظلم اور غم و اندوہ اور نقصان پر دلیل ہے۔ اگر گرم ہونے کے لئے آگ روشن کی یا کوئی اور گرم ہو وے تو دلیل ہے کہ کوئی چیز طلب کرے گا اور نفع پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بے فائدہ آگ روشن کی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ بے وجہ لڑائی اور جھگڑا کرے گا۔ اگر کوئی چیز بریان کرنے کے لئے آگ روشن کی ہے تو دلیل ہے کہ لوگوں کی غیبت کے لئے کوئی کام کرے گا۔ تاکہ کسی کا حال معلوم ہو اور اگر اس بھنی ہوئی چیز کو کھائے تو دلیل ہے کہ اسی قدر روزی اس کو غم و اندوہ کے ساتھ ملے گی اور اگر دیکھے کہ دیگ کے نیچے آگ روشن کرتا ہے اور اس میں گوشت یا اور کوئی چیز ہے تو دلیل ہے کہ کوئی کام کریگا کہ جس سے صاحب سے خانہ کو فائدہ پہنچے گا اور اگر اس دیگ میں کوئی کھانے کی چیز نہیں ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس کام سے اندوہ اور غم ہو گا۔ اگر روشنی کے لئے آگ جلائی ہے تودلیل ہے کہ کام کو حجت اور دلیل سے کرے گا اور اگر حلوہ بنانے کیلئے آگ کو روشن کیا ہے تو دلیل ہے کہ اس کو نیک بات کہیں گے۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر دیکھے کہ کسی جگہ کو جلانے کے لئے آگ کو روشن کیا ہے تو دلیل ہے کہ اہل موضع کی بدی اور غیبت کرے گا اور اگر آگ کو بغیر کھانے پکانے کے تنور یا آتشدان میں روشن کرے تو دلیل ہے کہ وہ اپنے خویشوں اور اہل بیت کے ساتھ لڑے گا اور اگر دیکھے کہ اپنے فائدہ کے لئے آگ روشن کرنا چاہتا ہے اور آگ روشن نہیں ہوئی ہے تو دلیل ہے کہ اپنے علم سے فائدہ اٹھائے گا اور اگر بادشاہ ہے تو عزت اور مرتبہ اور دولت زیادہ ہو گی۔ اگر دیکھے کہ آگ روشن کی ہے اور بجھ گئی ہے تو یہ اس کے ہلاک ہونے کی دلیل ہے۔