آتش (آگ) - حضرت کرمانی
Topic: آتش (آگ)
حضرت کرمانی رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ آگ کے شعلے لوگوں پر ڈالتا ہے تو دلیل ہے کہ لوگوں میں عداوت اور دشمنی ڈالے گا اور اگر سود اگر خواب میں دیکھے کہ اس کی دکان اور سامان کو آگ لگی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس کا سامان برباد ہو گا یا ایک درم کی چیز تین درم کو فروخت کرے گا اور کسی پر شفقت نہ کریگا۔ اگر دیکھے کہ کسی کے گھر میں آگ لگی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ وہ آدمی جنگ اور فتنہ اور بادشاہ کے ظلم میں گرفتار ہو گا اور اگر دیکھے کہ آگ نے اس کا کپڑا جلا دیا ہے تو دلیل ہے کہ اپنوں کے ساتھ لڑے گا اور مال کے سبب سے غمناک ہو گا۔ اگر کوئی بڑی آگ زمین پر دیکھے تو دلیل ہے کہ اس موضع پر جنگ اور فتنہ ہو گا اور اگر کوئی جلی ہوئی چیز دیکھے تو دلیل ہے کہ عورتوں کی وجہ سے کسی کے ساتھ لڑے گا۔ اگر دیکھے کہ کسی شہر یا محل یا سرائے میں آگ لگی ہے اور سب کچھ جلا دیا ہے اور آگ شعلہ مارتی ہے اور آواز خوفناک دیتی ہے تو دلیل ہے کہ اس جگہ میں کارزار یا سخت بیماری پڑے گی۔ اگر دیکھے کہ آگ نے کچھ چیزیں جلا دی ہیں اور کچھ چھوڑ دی ہیں اور خوفناک آواز نہیں دیتی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس موضع میں لڑائی ہو گی اور اگر شعلے روشن نہیں ہیں تو سخت بیماری پڑے گی اور اگر آگ کو دھوئیں کے دہشت ساتھ دیکھے۔ تو دلیل ہے کہ اپنے کاموں میں ڈر اور دہشت دیکھے گا اور اگر دیکھے کہ آگ آسمان سے گری اور اس نے شہر یا محلہ یا سرائے کو جلا دیا ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس شہر یا جگہ پر بلا اور فتنہ پڑے گا اور اگر دیکھے کہ خوف ناک آواز تھی اور آگ شعلے مارتی تھی۔ لیکن جس جگہ پڑی ہے شعلے نہیں مارے ہیں تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس جگہ زبانی جھگڑا اور فساد ہو گا۔ اگر دیکھے کہ زمین کے نیچے سے خوف ناک آگ نکلی ہے اور آسمان کی طرف گئی ہے تو دلیل ہے کہ اس جگہ کے لوگ خدا تعالیٰ کے پیاروں کے ساتھ اس آگ کی طاقت کے مطابق جھوٹ اور بہتان کے ساتھ لڑائی لڑیں گے۔ اور اگر دیکھے کہ آگ بے تحاشا جگہ بجگہ جاتی ہے اور وہ آگ کچھ تکلیف نہیں دیتی ہے تو دلیل ہے کہ صاحب خواب فائدہ حاصل کرے گا اور اگر درویش ہے تو مالدار ہو گا۔ حضرت اشعث رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ آگ آسمان سے بارش کی طرح برستی ہے تو دلیل ہے کہ اس جگہ پر بادشاہوں کی طرف سے خونریزی اور بلا آئے گی اور اگر دیکھے کہ آسمان سے آگ آئی اور اس کے کھانے کی چیزوں کو جلا دیا تو دلیل ہے کہ اس کی عبادت حق تعالیٰ کے نزدیک قبول ہوئی ہے۔ فرمان حق تعالی ہے : بقرُبَانِ مَا كُلَّهُ النَّارُ (قربانی کہ اس کو آگ کھائے گی)۔ اگر دیکھے کہ آسمان سے آگ آ رہی ہے اور کسی چیز کو نہیں جلاتی ہے تو یہ دلیل حق تعالیٰ کے خوف کی ہے۔ فرمان حق تعالیٰ ہے۔ عَذَابَ النَّارِ الَّتِي كُنتُمْ بِهَا تُكَذِّبُونَ (آگ کا عذاب جس کو تم جھٹلاتے تھے) اور اس کو بادشاہ سے خوف ہو گا اور اگر دیکھے کہ بڑی آگ پر ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ ایک بزرگ بادشاہ کے نزدیک ہو گا اور اگر دیکھے کہ کوئی چیز آگ پر لگاتا ہے تو دلیل ہے کہ دین اور دنیا کا شغل تمام ہو گا۔ اگر دیکھے کہ آگ زمین پر اتری اور زمین کی سبزی کو جلاتی ہے تو دلیل ہے کہ اس ملک میں خدانخواستہ ناگہانی موت بہت آئے گی اور اگر دیکھے کہ ایک بڑی آگ نے قبہ یا منارہ کو جلا دیا ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس جگہ کا بادشاہ مرے گا۔ بعض تعبیر بیان کرنے والے کہتے ہیں کہ اگر کوئی دیکھے کہ آگ زمین سے نکل کر روشن ہوئی ہے تو دلیل ہے کہ اس جگہ خزانہ ہو گا۔