لباس (پوشاک) - حضرت ابن سیرین
Topic: لباس (پوشاک)
حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ گرمی کا لباس جاڑے میں پہنا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کا مال زیادہ ہو گا۔ لیکن اس کو بڑا خوف اور ڈر پہنچے گا۔ لیکن اس کا انجام نیک ہو گا۔ اور اگر عورت دیکھے کہ اس نے مردوں کا لباس پہنا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کے شوہر کو کچھ ملے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر کوئی بیداری کی نسبت خواب میں برا لباس دیکھے۔ دلیل ہے کہ اس کا کام بد ہو گا۔ اور اگر عمدہ دیکھے تو اس کا کام بہتر ہو گا۔ اور اگر اپنا لباس سرداروں جیسا دیکھے۔ دلیل ہے کہ سردار ہو گا۔ اور اگر اپنے اوپر بدکاروں کا لباس دیکھے۔ دلیل ہے کہ بہت گناہ کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا لباس بادشاہوں کا ہے۔ دلیل ہے کہ بادشاہ سے خیر اور منفعت پائے گا۔ اور اگر عالموں کا لباس پہنا ہے۔ دلیل ہے کہ علم سے حصہ پائے گا۔ اور اگر صوفیوں کا لباس رکھتا ہے۔ دلیل ہے کہ دنیا سے دست بردار ہو گا۔ اور اگر دولت مندوں کا لباس رکھتا ہے۔ دلیل ہے کہ مال جمع کرنے پر حریص ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ یہودیوں اور عیسائیوں کا لباس رکھتا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کا دل ان کی طرف مائل ہو گا۔