کلیم (قالین) - حضرت ابن سیرین
Topic: کلیم (قالین)
حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ کلیم خواب میں رئیس اور سردار ہے۔ اگر صاحب خواب بڑا آدمی ہے۔ دلیل ہے کہ اس کی بزرگی اور مرتبہ اور بھی زیادہ ہو گا۔ اور بعض اہل تعبیر بیان کرتے ہیں کہ مرد صالح اور پسندیدہ ہو گا۔ اور درویشوں سے دیندار ہو گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ گودڑی پائی ہے۔ دلیل ہے کہ مالدار عورت سے شادی کرے گا۔ اور اگر یہ خواب عورت دیکھے۔ دلیل ہے کہ شوہر کرے گی اور اس سے خیر و منفعت دیکھے گی۔ اور اگر دیکھے کہ چھوٹی گودڑی پر بیٹھا ہے۔ دلیل ہے کہ خوبصورت پارسا اور موافقت والی عورت کریگا۔ اور اگر دیکھے کہ سبز گلیم ہے۔ دلیل ہے کہ پارسا اور لڑاکی عورت سے شادی کرے گا۔ اور اگر سرخ کلیم ہے تو معاشر اور عیش پسند عورت سے شادی کرے گا۔ اور اگر کلیم زرد ہے۔ تو بیماری عورت کرے گا۔ اور اگر سیاہ کلیم ہے تو زاہد اور عابد عورت سے شادی کرے گا۔ اور اگر کئی رنگ کی گلیم ہے۔ تو اس عورت میں مذکورہ بالا سب صفات ہوں گی۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے گودڑی پہنی ہوئی ہے۔ دلیل ہے کہ پارسا سردار کی پناہ میں ہو گا اور اس سے منفعت پائے گا۔ اور اگر کلیم اپنے سے دور ڈالی ہے اور ضائع ہوئی ہے۔ تو اسکی تاویل خلاف ہے۔