کردم (بچھو) - حضرت ابن سیرین
Topic: کردم (بچھو)
حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں بچھو ضعیف دشمن ہے کہ لوگوں کو ستاتا ہے اور اس کے نزدیک دوست اور دشمن برابر ہے۔ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ بچھو نے اس کو کاٹا ہے۔ دلیل ہے کہ دشمن اس کو برا کہے گا اور وہ اس سے رنجیدہ ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے بچھو کو مارا ہے۔ دلیل ہے کہ دشمن پر فتح پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بچھو کو مارنے کے بعد پھر بچھو زندہ ہو گیا ہے اور اس کو تکلیف دینا چاہتا ہے۔ دلیل ہے کہ دشمن پر فتح پائے گا اور پھر دشمن اس کا مقابلہ کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے ہاتھ میں بچھو ہے۔ دلیل ہے کہ وہ مردم آزار ہو گا اور لوگوں کو پیچھے سے برا کہے گا اور لوگوں کو ایک دوسرے سے پھنسا کر فتنہ ڈالے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بچھو کو پکا کر یا بھون کر کھایا ہے۔ دلیل ہے کہ اسی قدر دشمن کا مال کھائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بچھو کو منہ دکھایا اور کھایا ہے۔ دلیل ہے کہ دشمن اس کے گھر میں ہے اور اس کے ساتھ نشست و برخاست رکھتا ہے۔ اور اگر دیکھے کہ بچھو اس کے کپڑے میں ہے تو بھی یہی تاویل ہے۔