شکم (پیٹ) - حضرت ابن سیرین
Topic: شکم (پیٹ)
اس کی تعبیر میں اہل تعبیر کے تین فرمان ہیں۔ حضرت دانیال علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ شکم ظاہر اور باطن میں مال ہے۔ حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ شکم فرزند ہے۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ شکم خواب میں اپنے خویشوں پر دلیل ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کا پیٹ بڑا ہو گیا ہے۔ تو زیادتی مال، فرزند اور خویشوں پر دلیل ہے۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا شکم چھوٹا ہے اور اس کی کھال میں کچھ نقصان ہے۔ دلیل ہے کہ اس کے مال اور فرزند کا نقصان ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ جو کچھ پیٹ میں ہے سب باہر نکلا ہے اور دھویا ہے اور پھر اپنی جگہ پر رکھا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کا حال نیک ہو گا اور مطلب حاصل ہو گا۔ اور اگر کوئی دیکھے کہ اس کے پیٹ میں سے فرزند نکلا ہے۔ دلیل ہے کہ اس سے ایسا لڑکا ظاہر ہو گا کہ اس کے اہل بیت کا مرتبہ اور عزت بڑھائے گا۔