زندگی کا ابتدائی دور - General
Topic: زندگی کا ابتدائی دور
محمد بن سیرین رحمتہ اللہ علیہ حضور کون و مکان سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کے خادم جناب انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ کے آزاد کردہ غلام تھے۔ آپ کی والدہ صفیہ حضرت امیر المومنین ابو بکر صدیق کی لونڈی تھیں۔ آپ کی . کنیت ابوبکر تھی۔ مدت سے حضرت انس کے کتب (پرائیویٹ سیکرٹری) کی حیثیت سے نہایت وقیع خدمات انجام دیتے رہے اور جب ہم دیکھتے ہیں کہ ایک معمولی غلام جس کی زندگی کا سارا ابتدائی زمانہ خدمت آقا میں گزرا اور جس کے لئے حصول رفعت و بلندی کے بظاہر کوئی سامان نہ تھے، آسمان علم و عمل پر عموما" اور تعبیر خواب پر خصوصا" آفتاب بن کر چکا تو خدائے ذوالمنن کی شان رحمت نوازی پر حیرت ہوتی ہے۔ آپ کا مولد و منشاء موضع جر جرایا تھا جو بصرہ کے مضافات میں ہے۔ وطن مالوف کو چھوڑ کر بصرہ میں اقامت گزین ہوئے۔ آپ کے برادر خورد انس بن سیرین کا بیان ہے کہ میرے بھائی محمد بن سیرین کا تولد امیر المومنین عثمان ذوالنورین رضی اللہ عنہ کے حادثہ شہادت سے دو سال پہلے ہوا اور میری ولادت ان سے ایک سال بعد ہوئی۔