جنازه - General
Topic: جنازه
اگر کوئی خواب میں جنازہ لے جاتوں کو دیکھے تو دلیل ہے کہ صاحب خواب اتنے لوگوں پر حکومت کرے گا۔ لیکن ان پر ظلم کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ وہ خود مرا ہے اور اس کا جنازہ لے گئے ہیں اور لوگ جنازے کے پیچھے چلتے ہیں۔ تو دلیل ہے کہ شرف و بزرگی پائے گا۔ لیکن اس کا دین خراب ہو گا اور اس قوم پر حکومت کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ خود مردے کا جنازہ اٹھا کر لے جا رہا ہے تو دلیل ہے کہ بادشاہ کی خدمت کرے گا۔ اور اس سے خیر اور نیکی دیکھے گا۔ اور اگر دیکھے کہ لوگ اس کے جنازے کے پیچھے چلتے ہیں اور ہوا میں ہیں تو دلیل ہے کہ اس شہر کا کوئی بڑا آدمی سفر میں مرے گا۔ اور اگر اپنا جنازہ دیکھے کہ زمین پر جا رہا ہے تو دلیل ہے کہ سفر کرے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر دیکھے کہ زندے کا جنازہ لے جا رہے ہیں اور اس کے پیچھے کوئی نہیں ہے تو اس کی عزت و مرتبے اور کام کے نقصان کی دلیل ہے۔ اور اگر دیکھے کہ لوگ اس کے جنازے کے پیچھے تھے۔ تو اس کی تحویل اول کے خلاف ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کا جنازہ جاری تھا۔ تو دلیل ہے کہ لوگوں پر ظلم کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ جنازہ ہلکا ہے۔ تو دلیل ہے کہ لوگوں پر رحم کرے گا اور اس کا حال نیک ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ جنازے سے گرا ہے۔ یا لے جانے والوں نے اس کو گرا دیا ہے تو دلیل ہے کہ عزت اور مرتبے سے گرے گا اور اس کا کام رک جائے گا۔