چشمہ - حضرت ابن سیرین
Topic: چشمہ
حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالی علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں پانی کا چشمہ سرداری ہے اور بخشش کرنے والا جوان مرد خوش مزہ اور خوشبودار پانی جیسا ہے۔ فرمان حق تعالی ہے : فيها عين جاريته (اس میں چشمہ جاری ہے) اور اگر چشمے کا پانی سیاہ اور گندہ اور بدصورت ہے۔ تو دلیل ہے کہ انجام غم ، بیماری اور مصیبت ہے۔ اور اگر دیکھے کہ اس چٹے سے مسح کرتا ہے۔ تو دلیل ہے کہ غموں سے نجات پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ چشمہ کا پانی زیادہ ہو گیا ہے تو دلیل ہے کہ عزت و مرتبہ اور اس ملک میں سخاوت زیادہ ہو گی۔ اور اگر دیکھے کہ چشمہ کے پانی میں نقصان ہو گیا ہے تو اس کی تاویل اول کے خلاف ہے۔ اور اگر دیکھے کہ چشمے کا پانی خشک ہو گیا ہے تو دلیل ہے کہ کوئی سخی سردار اس ملک سے رحلت کرے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر دیکھے کہ اس کے گھر میں یا اس کی دکان میں پانی کا چشمہ ظاہر ہوا ہے تو دلیل ہے کہ اس چشمہ کی قدور قیمت پر اس کو غم و اندوہ ہو گا۔ اور اگر پانی کو تیرہ اور ناخوش دیکھے تو اور زیادہ غم و اندوہ سخت ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس چشمہ میں ہاتھ منہ دھویا ہے تو دلیل ہے کہ اگر غلام ہے تو آزاد ہو گا۔ اور اگر غمناک ہے تو غم سے نجات پائے گا اور اگر بیمار ہے تو شفاء پائے گا۔ قرض دار ہے تو قرض سے سرخرو ہو گا۔ اور اگر گناہ گار ہے تو تو بہ کرے گا۔ اور اگر حج نہیں کیا ہے تو حج کرے گا۔