چشم (آنکھ) - حضرت ابن سیرین
Topic: چشم (آنکھ)
حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں آنکھ کا دیکھنا ایک بینا مرد کو دیکھنا ہے کہ جس سے راہ ہدایت پائے گا گر بہ چشم بدعت ہے، اور گلابی آنکھ فرزند ہے۔ اور اگر دیکھے کہ خود نابینا ہو گیا ہے تو دلیل ہے کہ راہ ہدایت سے گم ہو گا یا اس کا فرزند مرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کی ایک آنکھ اندھی ہو گئی ہے، تو اس سے دلیل ہے کہ اس کا نصف دین ضائع ہو گیا ہے یا اس نے بہت بڑا گناہ کیا ہے۔ یا اس کے ایک ہاتھ یا ایک پاؤں یا جسم کے ایک حصے پر مصیبت آئے گی یا اس کے کام کانصف خراب ہوگا حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی دیکھے کہ آنکھ میں سرمہ لگایا ہے تو دلیل ہے کہ دین کی اصلاح تلاش کرتا ہے۔ اور اگر دیکھے کہ سرمے سے اس کا مقصد زینت اور آرائش ہے۔ تو دلیل ہے کہ اپنے آپ کو لوگوں کے سامنے با امانت اور دین دار ظاہر کرتا ہے تاکہ ا تاکہ ان میں عزت پائے۔ اور اگر دیکھے کہ اس کو کسی نے سرمہ دیا ہے تاکہ آنکھ میں ڈالے تو دلیل ہے کہ اس قدر مال پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کی آنکھ کی بینائی کمزور ہو گئی ہے تو دلیل ہے کہ وہ ظاہر اور باطن میں دو رویہ منافق ہے۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے جسم پر بہت سی آنکھیں ہیں اور سب چیزوں کو کامل طور پر دیکھتا ہے۔ تو یہ صلاح دین کی دلیل ہے اور شریعت کے فرائض اور سنتیں اچھی طرح سے بجا لاتا ہے۔ اور اگر دیکھے کہ کسی نے اس کی آنکھ نکال دی ہے۔ تو دلیل ہے کہ جس چیز سے اس کی آنکھ روشن تھی۔ جیسے عورت فرزند مکان باغ اس کی نظر سے غائب ہو جائے گا ایسا کہ پھر نہ دیکھے گا۔