تزویج (نکاح کرنا) - حضرت ابن سیرین
Topic: تزویج (نکاح کرنا)
حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ عورت کی ہے۔ شادی شدہ ہے تو شرف اور بزرگی کی دلیل ہے۔ اور اگر کنوارا ہے تو مالدار عورت کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ عورت کو طلاق دی ہے تو دلیل ہے کہ اس کی بزرگی اور شرافت زائل ہو گی۔ اور اگر دیکھے کہ مردہ عورت سے نکاح کیا ہے اور اس کے ساتھ جماع بھی کیا ہے تو دلیل ہے کہ اس عورت کی ملک اور مال سے اس کو کچھ حاصل ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے ساتھ جماع نہیں کیا ہے۔ تو دلیل ہے کہ اس کو اس کے مال میں سے کچھ تھوڑی چیز حاصل ہو گی۔ اور اگر کوئی عورت دیکھے کہ اس نے کسی مرد سے نکاح کیا ہے اور عورت کے گھر میں وہ مرد اس کے ساتھ جمع ہوا ہے تو دلیل ہے کہ عورت کے مال کا نقصان ہو گا یا اس کا حال متغیر ہو گا۔ اور اگر کوئی دیکھے کہ عورت کی ہے۔ لیکن عورت کو نہ دیکھنا اور نہ اس کا حال جاتا۔ تو دلیل ہے کہ اس کی موت قریب ہے اور اگر عورت کو دیکھے اور نامعلوم جگہ ہے اور وہ مکان کسی مردے کی ملک ہے اور وہ مردہ اس عورت کے ساتھ جمع ہوا ہے۔ تو دلیل ہے کہ وہ عورت مرے گی۔ اور اگر وہ مکان معلوم ہے تو عورت کے نقصان کی دلیل ہے۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر شوہر دار عورت خواب میں دیکھے کہ اس کا دوسرا شوہر ہے اور شادی کو نہیں دیکھا ہے تو یہ شرف اور عزت اور زیادتی مال کی دلیل ہے۔