تذرو (چکور) - اہل تعبیر
Topic: تذرو (چکور)
اہل تعبیر نے بیان کیا ہے کہ چکور خواب میں مال حرام ہے۔ جس کو حیلہ سے حاصل کرے گا۔ اور اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ چکور کے ساتھ لڑتا ہے تو دلیل ہے کہ کسی بے وفا کے ساتھ اس کا جھگڑا ہو گا۔ اور اگر کوئی دیکھے کہ مادہ چکور اس کو حاصل ہوتی ہے تو دلیل ہے کہ ایسی عورت کرے گا جس میں کسی طرح کی بھلائی نہ ہو گی۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں چکور کا گھونسلا دیکھے تو دلیل ہے کہ اس گھونسلے کی خوبصورتی کے مطابق خوبصورت عورت سے نکاح کرے گا یا کنیز خریدے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اس کے گھر میں چکور تھی اور وہ مرگئی ہے۔ تو دلیل ہے کہ اس کی عورت ہلاک ہو گی۔ یا عورتوں کی وجہ سے اس پر مصیبت پڑے گی۔ اور اگر کوئی دیکھے کہ چکور اس کے گھر سے اڑ گئی ہے تو اس سے یہ دلیل ہے کہ وہ اپنی عورت کو طلاق دیدے گا۔