پیشانی (ماتھا) - حضرت ابن سیرین
Topic: پیشانی (ماتھا)
حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں پیشانی آدمی کی عزت اور مرتبہ ہے۔ کیونکہ خدا تعالی کے سجدے کی جگہ ہے۔ اور بعض کہتے ہیں کہ پیشانی کا دیکھنا فرزند پر دلیل ہے کہ اس کے اہل بیت میں سے تو نگر ہو گا۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کی پیشانی پر نشان ہے تو دلیل ہے کہ صاحب خواب دینداری اور پر ہیز گاری میں مشہور ہو گا۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ کسی نے اس کی پیشانی پر مارا ہے اور خون جاری ہو گیا ہے تو دلیل ہے کہ اس کی عزت اور مرتبہ زیادہ ہو گا۔ اور اگر کوئی دیکھے کہ اس کی پیشانی چھوٹی اور تنگ ہو گئی ہے تو اس کی تاویل پہلے کے خلاف ہے۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کی پیشانی اپنے حال سے پھر گئی ہے۔ تو اس سے دلیل ہے کہ اس کو نقصان پہنچے گا۔ اور اگر کوئی دیکھے کہ اس کی پیشانی پر بال اگے ہیں۔ تو اس سے دلیل ہے کہ وہ قرضدار ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ وہ بال سرخ یا سفید ہیں تو دلیل ہے کہ وہ قرض عیال کے باعث ہو گا۔ اور اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اس کی پیشانی پر ورم ہے تو یہ مال زیادہ ہونے کی دلیل ہے۔ اور اگر کوئی دیکھے کہ اس کی پیشانی میں سے سانپ یا بچھو یا کوئی اور چیز نکلی ہے تو دلیل ہے کہ اس کو اسی قدر رنج اور دکھ دشمنوں سے پہنچے گا۔