D
Dreams Encyclopedia
Explore symbols, topics & titles

بز (بکری) - حضرت ابن سیرین

Topic: بز (بکری)

حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں بکرا مرد ہے اور بکری عورت ہے۔ اور اگر خواب میں دیکھے کہ نامعلوم بکرے کو مارا ہے تو دلیل ہے کہ کسی بڑے آدمی پر فتح پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بکرے کا چمڑا اتارا ہے تو دلیل ہے کہ بہت مال ملے گا اور اس کو جمع کرے گا اور اگر دیکھے کہ اس کا گوشت کھاتا ہے تو دلیل ہے کہ مال کھائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس پر بیٹھا ہے اور اس کو چلاتا ہے تو دلیل ہے کہ کسی بڑے آدمی سے مکر و حیلہ کرے گا اور جدھر چاہے گا پھرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بکرے نے اس کو پشت سے گرا دیا ہے تو دلیل ہے کہ صاحب خواب جاہ و حشمت سے گرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے بکرے کے دونوں سرین توڑ ڈالے ہیں تو دلیل ہے کہ اس مرد کو عمل سے روکے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بکرے کے سرین دراز اور مضبوط ہو گئے ہیں یا شمار میں زیادہ ہو گئے ہیں تو دلیل ہے کہ اپنے عمل اور سردار کے عمل میں قوی ہو گا اور کاموں پر کامیاب ہو گا۔ اور اگر خواب میں دیکھے کہ بکرے کے بال زیادہ ہو گئے ہیں۔ تو دلیل ہے کہ اس کا مال زیادہ ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کی پشم لی ہے تو دلیل ہے کہ اس قدر اپنے فرزند کا مال لے گا اور اگر خواب میں دیکھے کہ بکری پائی ہے یا کسی نے اس کو بخشی ہے تو دلیل ہے کہ عورت کرے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر دیکھے کہ بکری کا دودھ نکال کر پیا ہے تو دلیل ہے کہ عورت سے مال پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بکری کو ذبح کیا ہے اور اس کا گوشت کھایا ہے تو دلیل ہے کہ اس کی عورت سے اس کی ضرورت پوری ہو گی۔ اور اگر دیکھے کہ بکری کو گوشت کے لئے ذبح نہیں کیا ہے تو دلیل ہے کہ عورت سے نکاح کرے گا اور اس سے فائدہ نہ دیکھے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بکری کو گھر سے باہر نکال دیا ہے تو دلیل ہے کہ عورت کو طلاق دے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بکریوں کا ریوڑ گھر میں رکھتا ہے یا کسی اور جگہ ہے اور جانتا ہے کہ اس کی ملک ہے تو دلیل ہے کہ اسی قدر اس کو مال اور نعمت اور غنیمت حاصل ہو گی۔