بربط (سارنگی) - حضرت ابن سیرین
Topic: بربط (سارنگی)
حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں برابط دنیا کا لہو باطل اور سخت دروغ اور محال ہے۔ اگر خواب میں اپنے آپ کو بربط بجاتا ہوا دیکھے تو دلیل ہے کہ بے ہودہ اور جھوٹی بات کہے گا۔ اور کسی کی جھوٹی مدح اور تعریف کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ کوئی اس کے سامنے بربط بجاتا ہے۔ تو دلیل ہے کہ جھوٹ اور بیہودہ بات سنے گا اور اگر دیکھے کہ بربط کے ساتھ چنگ و چغانہ اور بانسری بجاتا ہے تو اس موضع پر یہ سب غم اور مصیبت کی دلیل ہے۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا بربط ٹوٹ گیا ہے یا گر گیا ہے تو دلیل ہے کہ جھوٹ اور بیہودگی سے توبہ کرے گا۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ بیمار ہے اور بربط بجاتا ہے تو یہ اس کی موت کی دلیل ہے۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ بربط استادوں کی طرح بجاتا ہے، حالانکہ وہ بربط بجانا نہیں جانتا ہے، اگر خواب میں دیکھنے والا عالم ہے تو دلیل ہے کہ لوگوں کو علم اور بیان اچھی طرح سے دے گا اور ان تینوں علموں تفسیر، فقہ اور قصص کو جانتا ہو گا۔ اور اگر کوئی جاہل آدمی دیکھے تو ایسا کام کرے گا کہ لوگ اس کے شغل پر سرزنش اور ملامت کریں گے۔ اور اگر دیکھے کہ بربط کی آواز سنتا ہے تو دلیل ہے کہ کسی بڑی عورت کی خبر سنے گا اور اس عورت کے ساتھ محبت ہو گی۔