D
Dreams Encyclopedia
Explore symbols, topics & titles

حکایت - حضرت جابر مغربی

Topic: حکایت

حضرت جابر مغربی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ کنوئیں سے پانی نکالتا ہے تو دلیل ہے کہ مکرو فریب سے مال جمع کرے گا۔ خاص کر اگر خود کنواں کھودا ہو۔ اور اگر دیکھے کہ ڈول سے پانی نکال کر ملکے میں ڈالتا ہے تو دلیل ہے کہ اپنے مال کی حفاظت کرے گا۔ اور اگر پانی نکال کر زمین پر گراتا ہے تو دلیل ہے کہ مال کو بہتری میں خرچ کرے گا اور اگر دیکھے کہ کنوئیں میں گرا ہے تو دلیل ہے کہ مکر و حیلہ میں پڑے گا۔ اور اگر دیکھے کہ باغ کو پانی دیتا ہے۔ تو دلیل ہے کہ جو مال کمایا ہے اس سے عورت کرے گا یا کنیز خریدے گا اور اگر دیکھے کہ اس باغ میں پھل ہیں تو یہ فرزند کے پیدا ہونے کی دلیل ہے۔ اور بعض کہتے ہیں کہ اگر دیکھے کہ باغ کو پانی دیتا ہے تو دلیل ہے کہ اپنی عورت سے نکاح کرے گا اور اگر دیکھے کہ پانی کنوئیں کے سر پر آیا اور جاری ہوا ہے تو دلیل ہے کہ مالدار عورت سے شادی کرے گا اور اس عورت سے اس کو مال اور نعمت حاصل ہو گی۔